ننکانہ صاحب: (دنیا نیوز) بابا گورونانک کے جنم دن کے سلسلہ میں صوبائی وزراء نے ننکانہ صاحب کا دورہ کیا، تقریبات کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی زیر صدارت انتظامات بارے اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری محکمہ داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی ، کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان اور آر پی او شیخوپورہ رینج اطہر اسماعیل نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلعی افسران اور امن کمیٹی کے ممبران سمیت سکھ رہنما بھی شریک ہوئے، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈی پی او فراز احمد نے اجلاس کو انتظامات بارے بریفنگ دی۔
شرکا کو تایا گیا کہ بابا گورونانک کی تقریبات 3 سے 6 نومبر تک جاری رہیں گی، تمام تر انتظامات مکمل ہیں، بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں 5 ہزار سے زاٸد افسران و اہلکاران سکھ یاتریوں کی خدمت پر مامور ہونگے۔
اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب اور 3 کنٹرول رومز قائم ہیں، شہر بھر میں صفائی ستھرائی اور کھانے کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں، گوردوارہ جات میں ہسپتال سمیت فسیلی ٹیشن ڈیسک بھی قائم کئے گئے ہیں۔
شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ ننکانہ صاحب آنے والے سکھ یاتریوں کی رہائش اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، موک ایکسر سائز کا انعقاد بھی کروایا جا چکا ہے، گوردوارہ جات کو عرق گلاب سے صاف کیا جا رہا ہے،
اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ ننکانہ سٹی گیس اور بجلی لوڈشیڈنگ سے فری ہو گا، افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ ہیں۔

			
			
			
			
			
			
			
			
  
          
		  
         
		  
         
		  
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
