کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان میں پانی، زراعت اور توانائی کے تحفظ کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے جامع ایجنڈا تیار کر لیا۔
اے ڈی بی کے مطابق "گلیشیئرز ٹو فارمز پروگرام" کے تحت گلیشیئرز کے پگھلنے سے پیدا ہونے والے معاشی اور ماحولیاتی اثرات پر جامع رپورٹ مرتب کی جائے گی۔
بینک کے مطابق پروگرام کے تحت موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات کی محفوظ منصوبہ بندی بھی کی جائے گی تاکہ پاکستان میں پانی کے ذخائر، زرعی پیداوار اور توانائی کے نظام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
اے ڈی بی نے بتایا ہے کہ گلیشیئرز پگھلنے کے حوالے سے عالمی ماہرین کی سفارشات طلب کر لی گئی ہیں، ان سفارشات کا تفصیلی جائزہ "انٹرنیشنل کنونشن آف دی ایسٹ ایشین اکنامک ایسوسی ایشن" کے اجلاس میں لیا جائے گا جو 8 سے 9 نومبر کو فلپائن میں منعقد ہو گا۔
ذرائع کے مطابق پروگرام پاکستان میں پانی کے مؤثر استعمال، جدید آبپاشی نظام اور موسمیاتی خطرات کے تدارک کے لیے ایک اہم پالیسی فریم ورک ثابت ہوگا۔



