لاہور ہائیکورٹ: 69 لاکھ کے چیک باؤنس مقدمے میں سزا پانے والا ملزم بری

Published On 04 November,2025 12:23 pm

لاہور: (محمداشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے 69 لاکھ کے چیک باؤنس مقدمے میں 3 سال قید اور جرمانے کی سزا پانے والا ملزم کو بری کر دیا، جسٹس صداقت علی خان نے نیا قانونی نکتہ طے کر دیا کہ ہر ڈِس آنر چیک فوجداری جرم نہیں ہوتا، جب تک بدنیتی ثابت نہ ہو۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان نے شمیم اسلم کی نظر ثانی اپیل منظور کر لی، جسٹس صداقت علی خان نے 4 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ چیک باؤنس کا مقدمہ ایک سال سے زائد تاخیر سے درج کیا گیا، تاخیر کی کوئی معقول وجہ پیش نہیں کی گئی، مدعی مقدمہ نے رقم کی وصولی کیلئے کوئی سول دعویٰ بھی دائر نہیں کیا۔

جسٹس صداقت علی خان نے فیصلے میں کہا کہ اگر رقم واجب الادا ہوتی تو سول عدالت سے بھی رجوع کیا جاتا شک کا فائدہ ملزم کا بنیادی حق ہے، ملزم شمیم اسلم کے خلاف 30 نومبر 2024 کو چیک باؤنس کا مقدمہ درج کیا گیا اور 2 فروری 2025 کو ٹرائل کورٹ نے فیصلہ سنا کرشمیم اسلم کو 3 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی۔

عدالت نے تمام دلائل مکمل ہونے کے بعد ٹرائل کورٹ کی جانب سے دی گئی تین سال قید اور 20 ہزار جرمانے کی سزا کالعدم قرار دے دی اور شمیم اسلم کو مقدمے سے بری کر دیا۔