اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) نے فیصل ممتاز راٹھور کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے لئے نامزد کر دیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہمیشہ کہتا تھا پیپلزپارٹی آپسی مشاورت کے ساتھ تمام فیصلے کرتی ہے، تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلزپارٹی حکومت بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر پیپلزپارٹی کے دل کے قریب ہے، پوری کوشش کریں گے کشمیریوں کیلئے آسانیاں لیکر آئیں، ہم حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں، ہمارے پاس تعداد پوری ہے تو کسی کی حمایت کی ضرورت نہیں۔
اس موقع پر پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری یاسین کا کہنا تھا کہ شہید بینظیر بھٹو نے کشمیر کے معاملے کو ہمیشہ ترجیح دی، صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی ہر فورم پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی کھل کر بات کی، پیپلزپارٹی اور کشمیر کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی پوزیشن بہت مضبوط ہے، پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر کے موجودہ سیاسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا، آزادکشمیر میں حکومت پھولوں کی سیج نہیں بلکہ کانٹوں کی مالا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصل راٹھور کو وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا، حکومت بنانے کیلئے ہمارے پاس نمبرزموجود ہیں، ہمارے پاس 27 گولڈن نمبر ہے اگر مسلم لیگ ن کے ارکان شامل ہو جائیں تو تعداد 40 ہو جائے گی۔
بعدازاں پی پی رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ فیصل راٹھور پڑھا لکھا نوجوان ہے، ان کے پاس تجربہ بھی ہے، کشمیر میں پیپلزپارٹی چٹان اور باہمی مشاورت کے ساتھ مسائل حل کرنے نکلے گی، بلاول بھٹو نے پہلگام واقعہ پر پوری دنیا میں سفارتی جنگ لڑی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے بھی اعلان کیا ہے کہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہوں، پاکستان میں اس وقت اتحادی حکومت ہے، ہم آج ہی عدم اعتماد لائیں گے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہم آج ہی عدم اعتماد تحریک لائیں گے، ووٹنگ کا عمل پیر کے روز کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے مستعفی نہ ہونے اور تحریک عدم اعتماد کا بھرپور طریقے سے مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔



