اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے صحافیوں کے تحفظ کیلئے کمیشن فار دی پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز تشکیل دے دیا۔
کمیشن کا قیام پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز ایکٹ 2021 کے تحت عمل میں آیا، وزارت اطلاعات و نشریات نے کمیشن کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
کمیشن کے 12 ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، پرنسپل انفارمیشن آفیسر وزارت اطلاعات کمیشن کے بلحاظ عہدہ رکن ہوں گے، ڈی جی وزارت انسانی حقوق بھی کمیشن کے رکن نامزد ہو گئے۔
سیکرٹری پی آر اے، نوید اکبر، غلام نبی یوسفزئی بھی کمیشن کا حصہ ہیں، نیشنل پریس کلب سمیت پی ایف یوجے دھڑوں کی بھی نمائندگی شامل کی گئی ہے۔
حسن عباس، طاہر حسن خان، تمثیلہ چشتی، نادیہ صبوحی، خلیل احمد کمیشن کے ارکان ہوں گے، قومی و صوبائی پریس یونینز کے نمائندے بھی کمیشن میں شامل کئے گئے ہیں۔
کمیشن صحافیوں کے حقوق اور سکیورٹی اقدامات کی نگرانی کرے گا، کمیشن جلد اپنی ذمہ داریاں سنبھالے گا۔



