محسن نقوی سے امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی ملاقات، اسلام آباد دھماکے کی مذمت

Published On 18 November,2025 02:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی اور اسلام آباد میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔

امریکا کی قائم مقام نیٹلی بیکر نے اس حملے کو دہشت گردی کی ایک سنگین کارروائی قرار دیتے ہوئے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عدالتوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، تاہم سکیورٹی کی وجہ سے وہ اندر داخل نہ ہو سکے، حملے سے جڑے تمام کرداروں کی ٹریسنگ مکمل ہو چکی ہے اور سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ جامع تحقیقات جاری ہیں۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ مذاکرات اور دہشت گردانہ حملے ایک ساتھ نہیں چل سکتے اور پاکستان کے لیے دہشت گردی کا مقابلہ اولین ترجیح ہے، انہوں نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو دوستی اور باہمی اعتماد پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مل کر دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اس موقع پر قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اس جنگ میں پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون فراہم کرے گا۔