اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 28 ویں ترمیم چل پڑی، بہت جلد اسمبلی میں آجائے گی، جیسے 27 ویں ترمیم ملک کے لئے بہترین ثابت ہوگی وہاں 28 ویں ترمیم اس سے بھی اہم ترین ہوگی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سب ایک پیج پر ہیں، لگتا ہے کہ سب 28 ویں ترمیم کے ساتھ بھی کھڑے ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں، تنظیموں کو ایکٹو کریں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ کی کارکردگی سے خوش ہوں، آپ بطور گورنر پنجاب بہترین کام کر رہے ہیں، پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں مضبوط امیدواروں کو تلاش کریں۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے کہا کہ پنجاب میں بیٹھنا شروع کروں گا اور ہر ضلع سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔



