وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے فیکٹری ناکے پر دھرنا دے دیا

Published On 27 November,2025 07:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے فیکٹری ناکے پر دھرنا دے دیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے ساتھ صوبائی وزرا، اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی اور کارکنان بھی موجود ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ مجھے بانی پی ٹی آئی سے کیوں نہیں ملنے دیا جا رہا، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات تک دھرنا جاری رہے گا۔

خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے لیکن پنجاب پولیس نے انہیں گورکھپور ناکے پر روک لیا اور ملاقات کی اجازت نہیں دی۔

گورکھپور ناکے پر وزیر اعلیٰ کا پولیس سے مختصر مکالمہ ہوا، جہاں انہوں نے شکوہ کیا کہ وہ آٹھویں مرتبہ جیل آئے ہیں لیکن ہر بار انہیں ملاقات سے روک دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ خیبر پختونخوا کے ساڑھے چار کروڑ عوام کی نمائندگی کرتے ہیں اور عدالتی حکم کے باوجود ملاقات نہ کروانا باعث تشویش ہے۔

سہیل آفریدی نے پولیس سے پوچھا کہ اندر کون ہے اور ملاقات میں رکاوٹ کیوں ڈالی جا رہی ہے، ساتھ ہی انہوں نے تحریری وضاحت کا مطالبہ کیا کہ عدالتی حکم پر عمل کیوں نہیں ہو رہا اور راستہ بند رکھنے کی وجہ کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ کے مطابق اس رویے سے ایسے لگتا ہے جیسے ایک صوبے کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہو، جو ملک میں مزید دوریاں پیدا کرسکتا ہے۔

انہوں نے توجہ دلائی کہ اگر کل یہی صورتحال کسی اور صوبے کے رہنما کے ساتھ پیش آئی تو یہ کسی کے لیے بھی مناسب نہیں ہوگی۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ وہ ہر دفعہ پشاور سے آتے ہیں اور تحمل سے بیٹھ جاتے ہیں، لیکن بار بار آ کر واپس لوٹنا افسوس کی بات ہے اور پولیس عملے کو بھی اس بات کا احساس ہونا چاہئے۔