صدرِ مملکت کا تھائی لینڈ کے جنوبی صوبوں میں تباہ کن سیلاب پر اظہارِ ہمدردی

Published On 05 December,2025 11:19 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے تھائی لینڈ کے قومی دن پر اپنے پیغام میں جنوبی صوبوں میں تباہ کن سیلاب پر اظہارِ ہمدردی کیا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان مشکل گھڑی میں تھائی عوام کے ساتھ کھڑا ہے، موسمیاتی تبدیلی جنوبی و جنوب مشرقی ایشیا کو شدید متاثر کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے دوچار ہے، مشترکہ اقدامات وقت کی ضرورت ہیں، پاکستان کی جانب سے تھائی لینڈ کے قومی دن کی دلی مبارک باد پیش کرتے ہیں، پاکستان، تھائی لینڈ تعلقات باہمی احترام اور دیرینہ دوستی پر مبنی ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ علاقائی فورمز پر دونوں ممالک یکساں مؤقف رکھتے ہیں، خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے تھائی لینڈ کی کاوشوں کو سراہتے ہیں، مذاکرات، تجارت اور عوامی رابطوں میں اضافہ اہم ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان خطے میں ہم آہنگی اور اجتماعی فلاح کے اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستانی عوام کی طرف سے تھائی قوم کیلئے امن و خوشحالی کی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں، پاکستان مشترکہ ترجیحات کی بنیاد پر تعاون بڑھانے کیلئے پُرعزم ہے۔