کراچی :(دنیا نیوز) وفاقی وزیرصحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ معاشی بحران سے آئی ایم ایف نہیں کراچی نکال سکتا ہے۔
شہرِ قائد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی کی تمام صورتحال جانتا ہوں جو سینٹرل ایشیا کا گیٹ وے ہے، شہرمیں90فیصد شہری پینےکا پانی خرید کرپیتےہیں، یہاں کی لائنوں سے پانی چوری کرکےہمیں ہی بیچا جاتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ کراچی دودھ دینے والی گائےہےاسے چارہ توکھلاؤ، آپ کومعاشی بحران سے آئی ایم ایف نہیں کراچی نکال سکتاہے، پانی چوری کرنےوالوں کے پیچھےبھی بڑے بڑے لوگ ہے۔
وفاقی وزیرصحت کا کہنا تھا کہ ہمارا دشمن ہم سےمقابلہ نہیں کرسکتا، ہمارا مسئلہ اپنے لوگوں سے ہے، کراچی چلےگا تو پاکستان چلے گا، بطور میئر کراچی میں 30 ہزار کروڑ کے ترقیاتی کام کرائے، کوئی مجھ پر ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکتا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ملک کو معاشی بحران سےآئی ایم ایف نہیں، کراچی نکال سکتا ہے، ایم کیوایم واحد پارٹی ہے جس نےاپنا لیڈر فارغ کیا ہے، ہم جی بھائی، جی بھائی کرتے تھے ہم نے بغاوت کی اور لیڈر کو فارغ کردیا، یہ کام ہم نے کیا کسی نے باہرسے آکرنہیں کروایا۔
وفاقی وزیرِ صحت نے کہا کہ اللہ کا شکرہے، آخری بار یہ شہراللہ نے ہمارے ہاتھوں سے بنوایا، ترقی یافتہ ملکوں میں مقامی حکومتوں کا نظام ہے، ملکی ترقی کے لیے مقامی حکومتوں کا مضبوط نظام ناگزیر ہے، ہمارے ہاں مقامی حکومتوں کا نظام فراڈ ہے۔
مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ چاروں صوبوں کے وزرائےاعلیٰ این ایف سی سے پیسے لے رہے ہیں، وزرائےاعلیٰ اضلاع کو پیسے نہیں دے رہے، ڈسٹرکٹ کے پیسے براہ راست اُنہیں دیے جائیں۔



