لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، جس کے باعث حدِ نگاہ بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
صبح اور رات کے اوقات میں دھند کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کی وجہ سے معمولاتِ زندگی کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی ہے، دھند کے باعث کئی اہم شاہراہوں اور موٹرویز پر سفر کرنا خطرناک ہو گیا ہے۔
موٹر وے پولیس کے مطابق حفاظتی اقدامات کے تحت موٹروے ایم 2 کو لاہور سے ہرن مینار تک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے، اسی طرح موٹروے ایم تھری فیض پور سے جڑانوالہ تک جبکہ موٹروے ایم الیون لاہور سے سیالکوٹ تک بند کر دی گئی ہے۔
موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ دھند کے باعث حدِ نگاہ بعض مقامات پر چند میٹر تک محدود ہو گئی ہے، جس سے حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر رات کے اوقات میں سفر نہ کریں کیونکہ اس دوران دھند زیادہ شدید ہو جاتی ہے، اگر سفر ناگزیر ہو تو ڈرائیورز کو فوگ لائٹس کے استعمال، گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھنے اور رفتار آہستہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
موٹر وے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ڈرائیورز لین کی پابندی کریں اور اوور ٹیکنگ سے اجتناب کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے، موٹر وے پولیس کی ٹیمیں مسلسل گشت کر رہی ہیں اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
شہریوں سے کہا گیا ہے کہ تازہ ترین صورتحال جاننے کے لئے موٹر وے پولیس کی ہیلپ لائن یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے معلومات حاصل کریں اور اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔



