پاکستان بار کونسل نے پنجاب تحفظ ملکیت ایکٹ 2025 مسترد دیا

Published On 27 December,2025 11:06 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان بار کونسل نے متفقہ طور پر پنجاب تحفظ ملکیت ایکٹ 2025 کو مسترد کردیا۔

وفاقی دارالحکومت میں پاکستان بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس وائس چیئرمین چودھری طاہر نصر اللہ وڑائچ کی زیر صدارت ہوا، جس میں پنجاب تحفظ ملکیت ایکٹ بارے گفتگو کی گئی۔

اجلاس میں پاکستان بار کونسل نے متفقہ طور پر پنجاب تحفظ ملکیت ایکٹ 2025 کو مسترد کردیا، جس کے بعد جاری ہونے ولے اعلامیہ میں بتایا گیا کہ قانون کے ذریعے ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں کمیٹیوں کو جائیداد تنازعات کے حل کا اختیار دیا گیا۔

پاکستان بار کونسل کا کہنا تھا کہ ایکٹ غیر آئینی و غیر قانونی ہونے کے ساتھ قانون شہادت سمیت متعدد قوانین کے بر خلاف ہے، اراکین نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے ایکٹ کو بروقت احکامات جاری کرنے کو سراہا۔

شرکا کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے عدالتی حکم کے بعد چیف جسٹس لاہور کی ٹرولنگ اور پراپیگنڈا کیا ، اجلاس میں پاکستان بار نے پنجاب حکومت کے رویہ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

اعلامیہ میں واضح کیا گیا کہ عدلیہ کے پاس قانون کی تشریح کا اختیار ہے، پنجاب حکومت قانونی لینڈ مافیا کے غیر قانونی خواہشات پر عمل کرنے سے باز رہے اور تحفظ ملکیت ایکٹ کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔

دوسری جانب اعلامیہ میں مزید یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان بار کونسل وکلا لاہور ہائیکورٹ کے ساتھ کھڑی ہے، کسی کو بھی عدلیہ کے وقار پر کمپرومائز کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔