پی ٹی آئی کے کئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھارت سے آپریٹ ہوتے ہیں: بیرسٹر عقیل ملک

Published On 28 December,2025 12:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بہت سارے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھارت سے آپریٹ ہوتے ہیں، پاکستان مخالف پروپیگنڈا کو طول دینے کیلئے بھارت سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس آپریٹ ہوتے ہیں۔

بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پاکستان اور اس کی سالمیت کے خلاف منظم پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، پی ٹی آئی کی سیاست جھوٹ،منفی بیانیے پر مبنی ہے، یہ سیاسی میدان کی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے سامنے حقیقت اورحقائق موجود ہیں، تمام ترجھوٹ پر مبنی چیزوں کو پھیلایا جاتا اورعوام کی ذہن سازی کی جاتی ہے، پی ٹی آئی بہت فخر سے کہتی ہے ہم سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہیں، پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پر زیادہ تر فیک اکاؤنٹس ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو درحقیقت عوامی حمایت حاصل نہیں، یہ منظم دھوکا اورفریب ہے، پی ٹی آئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی کوئی ایسی سرگرمی نہیں جو عوام کیلئے فائدہ مند ہو، پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر حقیقی فالوورز نہ ہونے کے برابر ہے۔

بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی کہتی ہے ہمارے ایکس پر 10ملین سے زیادہ فالوورز ہیں، ٹی آئی بتانا چاہتی ہے ان کے ایکس پر سب سے زیادہ فالوورزہیں، پی ٹی آئی سوشل میڈیا پر جھوٹے فالوورز دکھاتی ہے۔