کوئی افغانی پاکستان آنا چاہتا ہے تو ویزا لے کر آئے: فیصل کریم کنڈی

Published On 28 December,2025 05:53 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کوئی افغانی پاکستان آنا چاہتا ہے تو ویزا لے کر آئے۔

وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی مسائل ہمیشہ سیاسی طورپرحل کرتی ہے، پیپلزپارٹی نے کبھی اداروں کیخلاف بات نہیں کی۔

اُنہوں نے کہا کہ سیاسی مسائل پارلیمنٹ میں حل ہونے چاہئیں،ماضی میں مختلف سیاسی جماعتوں کی قیادت جیلوں میں گئی،خیبرپختونخوامیں امن وامان کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔

گورنرخیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر پاکستان کو بچایا، خیبرپختونخوا کو دہشتگردی کاسامنا ہے، پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کوواپس جانا چاہیے، یہاں دہشتگردی میں افغان باشندے ملوث ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کوئی افغانی پاکستان آنا چاہتا ہے تو ویزا لے کر آئے، صوبے میں دہشتگردی ہوگی تو کاروبار کیسے چلے گا؟

اُن کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کو4دن میں شکست دی، پاکستان کا بھارت کوجواب ساری دنیانے دیکھا، آج دنیا پاکستان سے کاروباراوردفاعی معاہدے کرنا چاہتی ہے۔