اسلام آباد: (دنیا نیوز) صومالی لینڈ میں اسرائیلی عہدیدار کے دورے پر پاکستان سمیت 24 اسلامی ممالک نے مشترکہ سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
مسلم ممالک نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ اسرائیلی دورہ صومالیہ کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے، پاکستان سمیت 24 ممالک اور او آئی سی اس اسرائیلی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ صومالیہ کی وحدت اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں، علیحدگی پسند ایجنڈوں کی حوصلہ افزائی ناقابل قبول ہے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کی تسلیم شدگی کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
مسلم ممالک نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری پر زور دیا اور صومالیہ کے سفارتی و قانونی اقدامات کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔



