خلاصہ
- نیویارک: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی انڈونیشی ، شامی اور مصری وفود سے سلامتی کونسل اجلاس کے موقع پر ملاقاتیں ہوئیں جن میں غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق فلسطین سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بریفنگ کے موقع پر انڈونیشیا کے وزیرِ خارجہ سوجیونو سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کی گہرائی اور مضبوطی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر غزہ اور مغربی کنارے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فلسطین میں منصفانہ، پائیدار اور جامع امن کے لیے قریبی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) February 19, 2026
ترجمان نے بتایا کہ دسمبر 2025 میں صدر پرابوو سبیانتو کے دورۂ پاکستان کو خصوصی اہمیت قرار دیا، دورے کو دوطرفہ تعاون کے لیے نئی تقویت اور دہائیوں پر محیط پیش رفت کی عکاسی قرار دیا۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ امن بورڈ اجلاس، وزیراعظم ٹرمپ کے امن منصوبے کی حمایت کریں گے: اسحاق ڈار
علاوہ ازیں فلسطین سے متعلق سلامتی کونسل اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی مصری وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی سے ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) February 19, 2026
ترجمان نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا اور ملاقات میں غزہ اور مغربی کنارے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور فوری، بلا رکاوٹ انسانی امداد کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
شامی سفیر سے ملاقات، امن و استحکام کیلئے پیشرفت کا خیرمقدم
اس کے علاوہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے شام کے اقوام متحدہ کے لیے مستقل سفیر ابراہیم اولابی نے ملاقات کی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے شام میں امن و استحکام کے لیے حالیہ پیشرفت کا خیرمقدم کیا اور امید کا اظہار کیا کہ اس سے خطے میں امن، اتحاد اور علاقائی سالمیت تقویت پائے گا۔
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) February 19, 2026
انہوں نے بین الاقوامی قانون، خودمختاری اور موجودہ معاہدوں کے احترام سے متعلق پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی وعدوں کی خلاف ورزیاں علاقائی استحکام کو نقصان پہنچاتی ہیں اور انہیں متعلقہ سلامتی کونسل قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔
سفیر ابراہیم اولابی نے پاکستان کی مستقل اور اصولی حمایت کو سراہا اور نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کو استحکام اور قومی مفاہمت کی جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔