خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہندو برادری کو ہولی کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہولی کا تہوار خوش نما رنگوں کے امتزاج سے معاشرتی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعظم اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ہولی کی روایات پاکستان کی ثقافتی تنوع کا مظہر ہیں اور یہ تہوار محبت، رواداری اور یکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔
انہوں نے پاکستانی ہندو کمیونٹی کے لیے دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندو برادری ہمارے معاشرے کا ایک بیش قدر حصہ ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہندو کمیونٹی سماجی ہم آہنگی، معاشی ترقی، خوش حالی اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ میں مثبت کردار ادا کر رہی ہے، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئینِ پاکستان بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب و عقیدہ تمام شہریوں کو مذہبی آزادی اور انسانی حقوق کی ضمانت دیتا ہے جبکہ حکومت تمام اقلیتوں کے آئینی حقوق کی محافظ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین المذاہب مکالمے کے فروغ، عبادت گاہوں کے تحفظ اور باہمی احترام کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم کا اپنے پیغام کے اختتام پر کہنا تھا کہ آئیے رواداری، ہمدردی اور یکجہتی کے جذبے کے ساتھ ایک پُرامن، شمولیتی اور خوشحال مستقبل کی جانب مل کر پیش قدمی کریں۔