خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ایکسپو سینٹر میں جاری 4 روزہ چوتھی انٹرنیشنل فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش 2026ء کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
آئی جی سندھ نے نمائش کے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور غذائی اجناس، زرعی مصنوعات، جدید زرعی ٹیکنالوجی اور فوڈ انڈسٹری کے مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
انہوں نے پاکستان سمیت مختلف ممالک کے غیر ملکی مندوبین، بین الاقوامی خریداروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں۔
پولیس حکام نے آئی جی سندھ کو نمائش کے سیکیورٹی انتظامات، پولیس نفری کی تعیناتی، داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی اور دیگر حفاظتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
آئی جی سندھ نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ نمائش میں شریک ملکی و غیر ملکی مندوبین، کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں اور شہریوں کی حفاظت کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں، مؤثر نگرانی اور پولیس کی مستعدی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ زراعت اور غذائی صنعت ملکی معیشت کی ترقی میں کلیدی اہمیت رکھتی ہیں، بین الاقوامی نمائشیں پاکستانی زرعی اور غذائی مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کروانے، سرمایہ کاری کے فروغ اور تجارتی روابط کے استحکام کے لیے اہم مواقع فراہم کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زرعی شعبے اور فوڈ انڈسٹری میں بے پناہ استعداد موجود ہے، جسے جدید تحقیق، ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔
آئی جی سندھ نے نمائش کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسی سرگرمیاں ملکی معیشت، تجارت اور صنعتی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔