اسحاق ڈار کا کویتی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسحاق ڈار کا کویتی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

دفترِ خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کویتی وزیرِ خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے جمعرات کو نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کو ٹیلیفون کیا۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کویت کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا اور دونوں ممالک کے قریبی اور برادرانہ روابط کو مزید مستحکم بنانے کے مختلف طریقوں پر غور کیا۔

اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے کویت میں مقیم پاکستانی تارکینِ وطن (ڈائیسپورا) کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل سے متعلق امور پر بھی خصوصی تبادلہ خیال کیا، تاکہ وہاں مقیم پاکستانی برادری کو مزید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ٹیلیفونک رابطے میں دونوں فریقین نے حالیہ علاقائی پیشرفت اور خطے کے امن و سلامتی پر مرتب ہونے والے ان کے اثرات پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے خطے کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تنازعات کے حل اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تاریخی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جبکہ کویت میں لاکھوں پاکستانی مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور سماجی روابط کا ایک مضبوط پل ہیں۔

حالیہ عرصے میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطوں اور تجارتی و سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔