علاقائی
خلاصہ
- کوئٹہ میں مشرف کے بلدیاتی نظام کے دنوں میں لگائی جانے والی سٹریٹ لائٹس 10 سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود بھی روشن نہیں ہوسکیں ہیں جن کا سامان نشے کے عادی افراد چرا کر دھوائیں میں اڑا چکے ہیں۔
کوئٹہ: (دنیا نیوز) شہر کے مختلف علاقوں میں ناظمی دور میں عوام کی سہولت کے لئے الگ سے نئے پول لگا کر ان پر سٹریٹ لائٹس نصب کی گئیں تھیں جو آج تک روشن تو نہیں ہوسکیں۔ البتہ ان کے جنکشن بکس اور تاریں نشے کے عادی افراد نے چرا کر بیچ دیں ہیں۔ یہ کھمبے روشنی تو نہیں دے سکے لیکن عوام کے لئے دان کا کام دے رہے ہیں جبکہ میٹروپولیٹن کاریوریشن کے زیر انتطام جو سٹریٹ لائٹس ہیں ان میں سے بھی اکثر خراب پڑی ہوئی ہیں جس کے باعث شہری پریشان ہیں۔ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں جرائم کی بڑھتی ہوئی واردارتوں اور بلوچستان میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد اب میٹروپولیٹن کارپوریشن کی انتظامیہ کو ہوش آیا تو خراب لائٹس کی مرمت کا کام شروع کرا دیاہے۔ تاحال چند ایک شاہراہوں کی سٹریٹ لائٹس کو بحال کیا گیاہے۔ کوئٹہ کے سب سے بڑے اور طویل بے نظیر بھٹو فلائی اوور کی بھی تمام لائٹس خراب ہیں جس کی مرمت پر بھی توجہ نہیں دی جا رہی ہے جبکہ ٹیکسی سٹینڈ پر سرچ لائٹس کے لئے پول تو لگا دیا گیا لیکن اس پر لائٹسن نہیں لگ سکیں ہیں۔