سندھ رینجرز کے 2025 میں چار ہزار سے زائد آپریشنز، ہزاروں ملزمان گرفتار

Published On 05 January,2026 12:47 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان رینجرز سندھ نے دہشت گردی، منظم جرائم، منشیات فروشی، اغواء برائے تاوان اور سمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے کراچی اور اندرونِ سندھ میں امن و امان کے قیام کے لیے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

ترجمان پاکستان رینجرز سندھ کے مطابق دہشت گردی کے خلاف مجموعی طور پر چار ہزار سے زائد آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 672 کارروائیوں میں 227 ہائی پروفائل ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ صرف سال 2025 کے دوران 126 خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔

بھتہ خوری کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں میں 72 آپریشنز کے دوران 90 بھتہ خوروں کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اغواء برائے تاوان میں ملوث 11 ملزمان کو گرفتار کر کے متعدد مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔

کچے کے علاقوں میں پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشنز کے دوران 146 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 291 ملزمان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سامنے ہتھیار ڈال دیے، سندھ بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف 3413 مشترکہ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران کراچی اور اندرونِ سندھ سے ہزاروں ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 1359 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ کراچی اور اندرونِ سندھ سے 680 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کی گئیں۔ رینجرز نے کارروائیوں کے دوران 440 غیرقانونی ہتھیار اور ہزاروں راؤنڈز بھی برآمد کیے۔

سمگلنگ کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں میں 1.2 ملین لیٹر ایرانی تیل ضبط کیا گیا، جبکہ کراچی میں اسمگل شدہ گٹکا، چھالیہ اور دیگر ممنوعہ اشیاء بھی برآمد کی گئیں۔

ترجمان کے مطابق تجاوزات کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں میں 157 ایکڑ سرکاری زمین کو واگزار کرا لیا گیا۔ اس کے علاوہ سندھ رینجرز نے پی ایس ایل اورغیرملکی کرکٹ ٹیموں کوفول پروف سیکیورٹی بھی فراہم کی۔

پاکستان رینجرز سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی۔