حیدرآباد کا 38 سالہ شخص ریبیز کے باعث انتقال کرگیا

حیدرآباد کا 38 سالہ شخص ریبیز کے باعث انتقال کرگیا

ہسپتال ذرائع کے مطابق جاوید ولد قادر کو 18 اکتوبر کی رات 11 بجکر 34 منٹ پر جناح ہسپتال کی ایمرجنسی میں لایا گیا، مریض کو پانی سے خوف، چڑچڑاپن، بخار اور نگلنے میں دشواری کی شکایت تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مریض کو 4 ماہ قبل چہرے پر کتے نے کاٹا تھا تاہم کتے کے کاٹنے کے بعد حفاظتی ویکسین لگنے کی تفصیلات معلوم نہ ہوسکیں۔

نیورو میڈیسن ٹیم نے مریض میں ریبیز انسیفلائٹس کی تشخیص کی، مریض کو ریبیز ویکسین کی ایک خوراک بھی لگائی گئی تاہم تمام تر طبی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکا اور 19 اکتوبر کو سہ پہر 3 بجے انتقال کرگیا۔

طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کتے کے کاٹنے کے بعد فوری طور پر زخم دھوئیں اور ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین کے لیے فوری طبی امداد حاصل کریں۔