فرنچ اوپن ، جوکووچ تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئے

Last Updated On 31 May,2018 03:26 pm

لاہور (دنیا نیوز ) فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں سربیا کے سٹار پلیئر نوواک جوکووچ نے سپین کے حریف کو ہرا کر تیسرے راؤنڈ میں جگہ پکی کر لی، خواتین کے مقابلوں میں رومانیا کی ورلڈ نمبر ون سیمونا ہالیپ پہلے مرحلے میں کامیابی کے بعد دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئی ہیں۔

سال کے دوسرے گرینڈ سلیم فرینچ اوپن میں دلچسپ مقابلے جاری، مردوں کے دوسرے راؤنڈ میں سابق عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ کا مقابلہ سپین کے جاؤما مونار کیساتھ ہوا، جوکووچ نے پہلا سیٹ سخت مقابلے کے بعد سات چھ سے جیتا، دوسرے سیٹ میں بھی انہیں با آسانی چھ چار سے فتح ملی، تیسرے سیٹ میں ایک بار پھر انہوں نے ہسپانوی حریف کو ہرا کر تیسرے مرحلے میں جگہ بنا لی۔

خواتین کے پہلے راؤنڈ میں رومانیا کی عالمی نمبر ایک سیمونا ہالیپ اور امریکا کی ایلیسن مد مقابل ہوئیں۔ امریکی پلیئر نے اپنی حریف کو ٹف ٹائم دیتے ہوئے پہلا سیٹ چھ دو سے اپنے نام کیا۔ سیمونا ہالیپ نے شاندار کم بیک کیا اور اگلے دو سیٹ لگاتار جیت کر دوسرے مرحلے کا ٹکٹ کٹوا لیا۔