لاہور میں 17 دسمبر سے ہائیر ہاکی اوپن انٹرنیشنل سیریز شروع ہوگی

Last Updated On 18 December,2018 10:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ہائیر پاکستان اور زلمی فاؤنڈیشن پاکستان میں قومی ہاکی کھیل کی بحالی اور ماضی کا عروج واپس لانے کےلئے کوشاں، سترہ دسمبر سے لاہور میں ہائیر ہاکی اوپن انٹرنیشنل سیریز منعقد ہو گی۔

زلمی فاؤنڈیشن اور ہائیر پاکستان نے ملک میں قومی کھیل کو دوبارہ زندہ کرنے کا بیڑا اٹھا لیا۔ ہائیر پاکستان اور پشاور زلمی پاکستان میں ہاکی کی بحالی اور ماضی جیسا سنہرا دور واپس لانے کےلئے کوشاں ہے۔

ہائیر پاکستان اور زلمی فاٶنڈیشن نے ہاکی ورلڈ کپ سے قبل قومی ٹیم کو سپانسر کیا اور اب سترہ دسمبر سے لاہور میں ہائیر ہاکی اوپن سیریز کھیلی جائے گی جس میں افغانستان، قازقستان، نیپال اور ازبکستان کی ٹیمیں بھی شرکت کریں گی۔

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہاکی اور دیگر کھیلوں کے فروغ کے لئے کردار ادا کرتے رہیں گے، امید ہے اس ٹورنامنٹ سے نہ صرف ہاکی بلکہ دیگر کھیلوں کے انٹرنیشنل ایونٹ بھی پاکستان میں کرانے کی راہ ہموار ہوگی۔

جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اور اس کے فروغ کے لئے پشاور زلمی ہمیشہ آگے آگے رہے گی۔ ہائیر ہاکی اوپن سیریز کا افتتاحی میچ سترہ دسمبر کو افغانستان اور ازبکستان کے درمیان ہوگا۔ اسی روز پاکستان پزیزیڈنٹ الیون نیپال کےمدمقابل ہو گی۔

اٹھارہ دسمبر کو قازقستان کا مقابلہ نیپال جبکہ پاکستان پریزیڈنٹ الیون کا ازبکستان سے ہوگا۔ انیس دسمبر کو افغانستان اور قازقستان کی ٹیموں کے درمیان جوڑ پڑے گا۔

بیس دسمبر کو ازبکستان اور نیپال کی ٹیموں میں مقابلہ ہوگا۔ اکیس دسمبر کو نیپال کی ٹیم افغانستان جبکہ پاکستان پزیریڈنٹ الیون قازقستان سے مقابلہ کرے گی۔ بائیس دسمبر کو افغانستان اور پاکستان پریزیڈنٹ الیون کے درمیان میچ کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے میچ میں قازقستان اور ازبکستان کے درمیان میچ ہوگا۔