بیونس آئرس: (ویب ڈیسک) سٹار فٹبالر لیونل میسی کو امپائر کے ساتھ بد تمیزی اور کوپا امریکا کپ کو کرپٹ کہنا مہنگا پڑ گیا۔ ارجنٹائن کے سابق کپتان پر تین ماہ کی پابندی عائد کر دی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لیونل میسی پر فٹ بال کے عالمی مقابلوں میں حصہ لینے پر 3 ماہ کی پابندی لگا دی گئی ہے۔ ان پر پابندی کوپا امریکا کپ کو کرپٹ کہنے پر لگائی گئی، ان پر جنوبی امریکی فٹبال کنفیڈریشن کی جانب سے 50 ہزار ڈالر کا جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔
بارسلونا کے فارورڈ لیونل میسی کو ارجنٹائن اور چلی کے درمیان ہونے والے مقابلے میں باہر کردیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے الزام عائد کیا کہ کوپا کپ برازیل کے لیے فکس کیا گیا، ارجنٹائن اور چلی کے درمیان میچ کے دوران گیرے میڈل کے ساتھ تلخی پر میسی کو کھیل کے 37 ویں منٹ پر ریڈ کارڈ دکھا کر گراﺅنڈ سے باہر کردیا گیا تھا۔
سٹار فٹبالر لیونل میسی کا کہنا تھا کہ ہمیں اس کرپشن کا حصہ نہیں رہنا۔ میسی پابندی کے خلاف ایک ہفتے میں اپیل کرسکتے ہیں البتہ پابندی کے باعث وہ ارجنٹائن کے چلی، میکسیکو اور جرمنی سے ستمبر اور اکتوبر کے درمیان ہونے والے مقابلوں میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
ارجنٹائن کو سیمی فائنل میں برازیل سے شکست ہوئی تھی جس کے بعد ارجنٹائن کی فٹبال ایسوسی ایشن نے میچ کی ریفرنگ کے حوالے سے سنجیدہ شکایات کی تھیں تاہم کونسل نے کوپا امریکا پر ارجنٹائن کے الزامات بے بنیاد قرار دیے تھے۔