برلن: (ویب ڈیسک) سابق عالمی چیمپئن جرمن فٹبال ٹیم کے کوچ جوشم لو کے معاہدے میں مزید دو برس کی توسیع کر دی گئی۔
جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق نئے معاہدے کے تحت جوشم لو 2022ء تک ذمہ داریاں جاری رکھیں گے جس میں قطر میں شیڈول ورلڈ کپ بھی شامل ہے۔
جرمن فٹ بال ایسوسی ایشن کے مطابق جوشم اور ایسوسی ایشن کے درمیان 2020ء میں شیڈول یورو فائنل تک معاہدہ تھا لیکن اب ہم نے ان کے معاہدے میں مزید دو برس کی تجدید کر دی ہے جسکے تحت جوشم اب 2022ء تک اپنے فرائض جاری رکھیں گے۔
58 سالہ جوشم لو 2006 سے جرمن ٹیم کی کوچنگ کر رہے ہیں، ان کی زیر کوچنگ جرمن ٹیم 160 میچز میں سے 106 میں کامیاب رہے اور انہیں کامیاب ترین جرمن کوچ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
یاد رہے کہ جوشم کی زیر کوچنگ جرمنی کی ٹیم نے 2014ء میں برازیل میں منعقدہ ورلڈکپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔جرمنی نے فیصلہ کن معرکے میں ارجنٹائن کو زیر کر کے چوتھی مرتبہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔