قومی فٹبال چیلنج کپ: جمعرات کو مزید تین میچ کھیلے جائیں گے

Last Updated On 24 July,2019 07:00 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام قومی فٹ بال چیلنج کپ میں جمعرات کو مزید تین میچ کھیلے جائیں گے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق شام 5 بجے سوئی سدرن گیس کمپنی کا مقابلہ پی ٹی وی سے طہماس خان فٹ بال سٹیڈیم پشاور میں ہو گا۔ پی ایف ایف ٹائیگرز کی ٹیم پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی سے ٹکرائے گی۔ تیسرا میچ رات 8 بجے مصنوعی روشنیوں میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان آرمی اور پاکستان ریلوے ایک دوسرے سے نبرد آزما ہونگی۔

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر کے پرنسپل سٹاف آفیسر سید شرافت حسین بخاری کے مطابق ٹورنامنٹ میں 15 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں دفاعی چیمپئن پاکستان ایئر فورس، نیشنل بینک آف پاکستان، پاکستان پولیس، ایشیا گھی ملز، گروپ بی میں سوئی سدرن گیس کمپنی، پاکستان نیوی، پاکستان ٹیلی ویژن، گروپ سی میں پاکستان آرمی، سول ایوی ایشن اتھارٹی، پاکستان ریلویز، پی ایف ایف ٹائیگرز جبکہ گروپ ڈی میں خان ریسرچ لیبارٹری (کے آر ایل)، پاکستان واپڈا، کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) اور کراچی یونائیٹڈ شامل ہیں۔

سید شرافت حسین بخاری کا کہنا تھا کہ ہر گروپ سے دو دو ٹیمیں کوارٹرفائنل کےلئے کوالیفائی کریں گی۔ کوارٹر فائنل مقابلے 29 سے 31 جولائی تک اور سیمی فائنل یکم اور دو اگست کو کھیلے جائیں گے جبکہ تیسری پوزیشن کا میچ 3 اگست اور فائنل میں 4 اگست کو کھیلا جائے گا۔ فائنل کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔