ون ڈے، ٹی ٹونٹی کی قیادت حارث، ٹیسٹ کا کپتان بابر اعظم کو بنایا جائے: شعیب اختر

Last Updated On 24 July,2019 05:44 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق فاسٹ باﺅلر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کی جگہ ون ڈے اور ٹونٹی میں حارث سہیل جبکہ ٹیسٹ میں بابر اعظم کو قیادت دے دی جائے۔

اپنے یو ٹیوب ویڈیو چینل پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وکٹ کیپر سرفراز احمد کو ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 فارمیٹ میں قومی ٹیم کی کپتانی سے ہٹا کر صرف بیٹسمین کے طور پر کھلایا جائے ان کی بیٹنگ کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جائے۔

شعیب اختر نے ویڈیو میں کہا کہ سرفراز احمد کو کپتان برقرار نہیں رہنا چاہیے بلکہ ان کی جگہ حارث سہیل کو ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کا کپتان بنا دینا چاہئے البتہ بابراعظم کو ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی دی جا سکتی ہے میں بابراعظم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کرنا چاہتا ہوں کیوں کہ انہوں نے بہت رنز بنائے ہیں۔

یاد رہے کہ شعیب اختر اس سے قبل بھی ورلڈ کپ کے دوران سرفراز کی فٹنس کے حوالے سے کڑی تنقید کرچکے ہیں انہیں دماغ سے عاری کپتان قرار دیا تھا۔