لاہور: (دنیا نیوز) ورلڈ کپ فائنل میں اوور تھرو پر پانچ کے بجائے چھ رنز دینے والے امپائر کمار دھرما سینا نے غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلہ مشاورت سے کیا، اس لئے افسوس نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2019ء میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے فائنل میچ کے آخری اوور میں اوور تھرو پر بین سٹوکس کو پانچ کے بجائے چھ رنز دینے پر ایمپائر کمار دھرما سینا نے غلطی کا اعتراف کر لیا ہے۔
کمار دھرما سینا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مشاورت سے انگلینڈ کو چھ رنز دیئے، فیصلے پر کوئی افسوس نہیں ہے۔
امپائر کی اس غلطی پر میچ ٹائی ہوا اور پھر سپر اوور بھی برابر رہا تھا۔ ایمپائر دھرما سینا کی غلطی نے نیوزی لینڈ کے بجائے انگلینڈ کو عالمی چیمپئن بنوا دیا۔
فاتح کپتان ایان مورگن باؤنڈریز پر ٹرافی کے فیصلے کو پہلے ہی غیر منصفانہ قرار دے چکے ہیں۔ کیوی کپتان کین ولیمسن اور کوچ گیری سٹیڈ نے بھی ٹائی بریکر فیصلے کو شرمناک قرار دیا تھا۔