لاہور: مختلف علاقوں میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، حبس میں کمی

Last Updated On 24 July,2019 02:41 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشیں برسانے والا نظام مضبوط ہونے کی خبردے دی۔

محکمہ موسمیات نے مون سون کے نئے اسپیل کے باعث برسنے والی بارشوں کا نظام مضبوط ہونے کی پیشگوئی کر دی۔ فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن نے سیلابی ریلوں کی نئی وارننگ جاری کی ہے۔ دریائے جہلم، چناب اور کابل بپھر سکتا ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ چترال میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے، گلیشیئربھی ٹوٹ سکتے ہیں۔

خیبرپختونخوا پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کیا ہے۔ پی ڈی ایم کے مطابق چترال کے ندی نالوں میں طغیانی کے خدشات ہیں۔ گلیشیئرز کے قریب رہنے والوں کو احتیاط برتنے کا کہا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو چترال کی دورافتادہ وادیوں میں جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔