لاہور: (دنیا نیوز) موسم کا حال بتانے والوں نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش کی نوید سنا دی، آج شام کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخوا کے علاوہ کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
آج شام کے بعد راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ہزارہ، مالاکنڈ، پشاور، مردان ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔
کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ڈی جی خان، بہاولپور، ساہیوال، ژوب، قلات ڈویژن، گلگت بلتستان اور مکران کی ساحلی پٹی میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
جمعرات سے جمعے کے دوران ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں جبکہ جمعے سے ہفتے کے دوران ژوب، قلات اور ڈی جی خان ڈویژن میں موسلا دھار بارش کے باعث مقامی دریاؤں اور برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ تیز بارشوں کے باعث ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہو سکتی ہے۔