پنجاب: مختلف علاقوں میں جاری بارش کو بریک لگ گئی، مطلع صاف ہوگیا

Last Updated On 17 July,2019 12:04 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں جاری بارش کو بریک لگ گئی، مطلع صاف ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی کر دی۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں پانچ روز بعد وقفے وقفے سے جاری بارش کا سلسلہ تھم گیا۔ باغوں کے شہر میں گذشتہ روز بارش کا طوفانی اسپیل آیا جس نے جل تھل ایک کر دیا۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوا لیکن بارش تھمتے ہی شہر کی اہم شاہراہیں صاف ہوگئیں۔

بارش رکنے بعد سورج پوری آب وتاب کے ساتھ چمک رہا ہے، موسم بھی خوشگوار ہے۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد اور ملتان میں بارش کا امکان ہے۔

مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں، ژوب اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔ پہاڑوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہے گی، مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔