لاہور سمیت ملک بھرمیں بادل برسنے کا سلسلہ جاری، موسم دلفریب

Last Updated On 15 July,2019 12:37 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، کراچی کےمختلف علاقوں میں بھی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے آئندہ چوبیس گھنٹے میں اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں بادل برس سکتے ہیں۔

گرج، برس پھر ساون آئیو، صبح سویرے گھنگھور گھٹائیں چھم چھم برسیں۔ باغوں کے شہر لاہور کا ہر منظر اجلایا گیا۔ کہیں تیز بارش ہوئی اور کہیں رم جھم برکھا رت برستی رہی۔

شہر بے مثل اسلام آباد میں سرمئی بادلوں کا سائبان ہے۔ ٹھنڈی ہوائیں، پات ہرے اور پھول کھلے ہیں۔ حسین موسم ہر منظر نکھرا نکھرا سا ہے۔ بادلوں کی آنیاں جانیاں بتا رہی ہیں کہ کسی بھی وقت برس سکتے ہیں۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی مطلع ابر آلود ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں کلفٹن، برنس روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ اور شارع فیصل کے اطراف میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹے میں اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں بادل برس سکتے ہیں۔