بھارت: آسام اور بہار میں بارش نے تباہی مچا دی، ہلاکتیں 142 ہو گئیں

Last Updated On 20 July,2019 11:39 pm

نئی دلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست آسام اور بہارمیں بارشوں نے تباہی مچا دی۔ بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سانپ کاٹنے سے ہلاکتوں کی تعداد 142 تک جاپہنچی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شدید طوفانی بارشوں سے ہزاروں بے گھر، لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ریاست بہارمیں 92 جبکہ آسام میں 50 افرادہلاک ہوچکے ہیں۔ آسام میں 1650 گھر مکمل جبکہ 3730 کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔

حکام کے مطابق ریاست بہار میں 1 لاکھ 14 ہزار 721 افراد شیلٹرز میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ کئی علاقوں میں پانی کی سطح کم ہونے کے باوجود ریسکیو آپریشن میں دشواری کا سامنا ہے۔

دوسری طرف غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے سے شروع ہونے والی بارش میں شمالی مشرقی ریاست کیرالہ شدید متاثر ہو سکتی ہے۔ آئندہ بارشوں کے دوران اندازے کے مطابق 10 لاکھ افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

حکام کی طرف سے آگاہ کیا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے شدید سیلاب آ سکتا ہے، شہریوں کو گھر سے باہر ضرورت کے وقت ہی نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اتوار کو طوفانی بارش ہو سکتی ہے۔