لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن سے اغوا ہونے والی گھریلو ملازمہ کی لاش برآمد ہو گئی جسے پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا، نادرہ کے اغوا کا مقدمہ والد کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق جڑانوالہ کی رہائشی 19 سالہ نادرہ ڈی بلاک ماڈل ٹاؤن کے رہائشی فرحان کے گھر میں ملازمہ تھی۔ 10 جولائی کو نادرہ پراسرار طور پر لاپتہ ہوئی تو پولیس نے والد ذوالفقار کی درخواست پر اغواء کا مقدمہ درج کر لیا۔
گزشتہ روز مغویہ کی لاش رائیونڈ کے علاقے سے ملی جس پر پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا۔ مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کردی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد اور اہل خانہ کے بیانات کی روشنی میں مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کی جارہی ہیں۔