لاہور: (دنیا نیوز) آشیانہ اقبال سکینڈل کیس میں شہباز شریف اور دیگر ملزمان لاہور کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے سماعت 7 اگست تک ملتوی کر دی۔
لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ شہباز شریف نے عدالت میں کہا کہ نیب نے جھوٹ کا پلندہ تیار کیا ہوا ہے، یہ کیس وقت کا ضیاع ہے، جھوٹ کا پلندہ ہے، ہماری حکومت نے خود فراڈ کو پکڑا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف عدالت کا وقت ضائع کر رہے ہیں، کارروائی آگے بڑھانی چاہیے۔
شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جنہوں نے کرپشن پکڑی آج وہی ملزم بن چکے ہیں، میں نے آشیانہ اقبال میں کرپشن کی نشاندہی کی مجھے ہی مورد الزام ٹھہرا دیا گیا، نواز شریف کو جیل میں سہولیات نہیں دی جا رہی ہیں، نواز شریف کے لیے پرہیزی کھانا بند کر دیا گیا ہے، جیل مینوئل کے مطابق ملاقات بھی نہیں کروائی جاتی ہے۔