جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پر مریم نواز کے خلاف نیب کی درخواست مسترد

Last Updated On 19 July,2019 11:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پر مریم نواز کے خلاف نیب کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔

 اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے مریم نواز کے خلاف نیب کی درخواست پر سماعت کی۔ سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی عدالت کے روبرو پیش ہوئیں۔ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے فرد جرم سے متعلق احتساب عدالت کا پرانا حکم نامہ پڑھ کر سنایا اور موقف اپنایا کہ عدالت کے اس حکم نامے کو مریم نواز نے کہیں چیلنج نہیں کیا، جعلی ٹرسٹ ڈیڈ سے متلعق حکم نامہ موجود ہو تو 30 دن کے اندر کاروائی لاگو نہیں ہوتی، لہٰذا اس حکم نامے کی روشنی جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پر کاروائی کی جائے۔

 دوران سماعت مریم نواز نے بولنے کی اجازت مانگی جس پر جج احتساب عدالت نے کہا کہ آپ اپنے وکیل کو بولنے دیں۔ مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے نیب کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ قانون کے مطابق فیصلہ سنائے جانے کے 30 دن کے اندر رجوع کرنا ہوتا ہے، جو نہیں کیا گیا، عدالت نے خود اپنے اختیار کا استعمال کرتے ہوئے جعلی دستاویز پر مریم نواز کو کوئی نوٹس جاری نہیں کیا۔ نیب اپیل کا حق فیصلے کے 30 دن بعد کھو چکا، نیب کے درخواست ناقابل سماعت ہے۔

احتساب عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا جو کچھ ہی دیر بعد سنا دیا گیا۔ احتساب عدالت نے قرار دیا کہ اس کیس میں سزا کے خلاف مریم نواز کی اپیل اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے، اپیل کا فیصلہ ہونے تک ٹرسٹ ڈیڈ پر کارروائی نہیں ہوسکتی۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کے معاملے پر مریم نواز نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر  بے گناہ نواز شریف کو رہا کرو  کے پرنٹ والی شرٹ زیب تن کر رکھی تھی۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا ان کیلئے اللہ ہی کافی ہے۔

لیگی رہنما کی پیشی کے موقع پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، مریم اورنگزیب اور پرویز رشید بھی موجود تھے۔ کارکنوں کی بھی بڑی تعداد کشمیر ہائی وے پہنچی۔ پولیس بھی پہلے ہی پوری تیاری کے ساتھ کھڑی تھی، انہوں نے 12 سے زائد کارکنوں کو پکڑ لیا جس پرمتوالوں نے دھرنا دیا، مریم نواز نے بھی قافلے کو روکنے کی تصدیق کی۔

جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کیس میں مریم نواز کے خلاف درخواست مسترد ہونے کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا گیا ہے۔ 3 صفحات پر مشتمل حکم نامہ جج احتساب عدالت محمد بشیر نے تحریر کیا۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ نیب نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ آنے کے 30 روز میں درخواست دائر نہیں کی۔ مریم نواز کی سزا کے خلاف اپیل اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے۔

 

عدالت نے کہا ہے کہ جب تک اپیل عدالت عالیہ میں زیر سماعت ہے، سیکشن 30 کی کارروائی نہیں ہو سکتی۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کی اپیل کا فیصلہ ہونے کے بعد کارروائی ممکن ہے۔ موجودہ حالات میں نیب کی درخواست ناقابل سماعت مسترد کی جاتی ہے۔

 

پارٹی ورکرز کی گرفتاری پر مسلم لیگ نون کے صدر شہبازشریف نے سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا خواتین سمیت پارٹی کارکنوں کی گرفتاری عمران نیازی کی آمرانہ ذہنیت کا ثبوت ہے اور ان کے خوف میں مبتلا ہونے کی علامت ہے۔ شہبازشریف نے کہا حکومت کے ہر ہتھکنڈے کا بہادری سے مقابلہ کریں گے، عوام کے حقوق کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔