مریم نواز کی نیب لاہور آفس میں حمزہ شہباز سے ملاقات

Last Updated On 13 July,2019 09:30 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے پنجاب میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازشریف سے نیب لاہور آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں کیپٹن (ر) صفدر اور اہلخانہ بھی ہمراہ تھے۔

 

دنیا نیوز کے مطابق مریم نواز نے نیب میں حمزہ شہباز سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات 30منٹ ملاقات جاری رہی جس میں سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت کی، اس موقع پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے نوازشریف کا اہم پیغام بھی حمزہ شہباز کو پہنچایا۔ مریم نے احتساب عدالت کے جج کی ویڈیو اور جج کی تبدیلی کے بارے میں بھی انہیں آگاہ کیا۔

 

ملاقات کے دوران مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم تمام کیسز سے سرخرو ہو کر نکلیں گے جبکہ حمزہ شہبازکا کہنا تھا کہ مجھ پر کیسز جھوٹے ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کے ٹویٹر پر رد عمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاسی انتقام کی تمام حدیں عبور کرلی گئیں، نواز شریف کو توڑنے اور جھکانے کا خواب دیکھنے والے آج بھی ناکام و نامراد ہیں۔

مسلم لیگ ن کے نائب صدر نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو شرم بھی نہیں آتی ؟ جو گھناؤنی سازش نواز شریف کو سزا دینے اور میدان سے باہر رکھنے کے لیے رچائی گئی، آپ اس سازش میں شامل اور قصور وار ہیں، آپ کا بھیانک چہرہ جج نے پوری دنیا کو دکھا دیا ہے۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ سلیکٹڈ تو آپ تھے ہی، اب آپ کے گھناؤنے کردار پر بھی مہر لگ چکی ہے۔ ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ دئیے گئے۔ انہوں نے ٹویٹ کے اختتام پر لکھا عوام کے منتخب نمائندے زندہ باد۔