اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کرنے پر مریم نواز کے خلاف نیب کی درخواست پر سماعت آج احتساب عدالت میں ہوگی۔
عدالت نے مریم نواز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کر رکھا ہے۔ فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے باہر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے جائیں گے اور غیر متعلقہ اشخاص کو احاطہ عدالت میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز نے ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کرکے عدالت کو گمراہ کیا تھا لہٰذا عدالت اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے مریم نواز کو اس جرم میں بھی سزا سنائے۔
عدالت نے نیب کی درخواست پر ابتدائی سماعت کے بعد مریم نواز کو 19 جولائی کو عدالت میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا تھا۔ اس سے قبل یہی عدالت ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی معاونت پر مریم نواز کو 7 سال قید اور 20 لاکھ پاؤنڈز جرمانے جبکہ اور نیب سے تفتیش میں عدم تعاون پر ایک سال قید کی سزا سنا چکی ہے۔
نیب کے مطابق مریم نواز کو جعلی دستاویزات پیش کرنے کے جرم میں سزا نہیں سنائی گئی، عدالت سے استدعا ہے کہ وہ اپنا اختیار استعمال کرتے ہوئے اس جرم میں الگ سزا سنائے۔
مریم نواز کی پیشی کے موقع پر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے جائیں گے۔ فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف میں سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند رکھا جائے گا جبکہ کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو جوڈیشل کمپلیکس میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔