لاہور: (دنیا نیوز) نیب ٹیم نے ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ جمع کروانے کے مقدمے میں مریم نواز کی طلبی کا نوٹس جاتی امرا میں موصول کروا دیا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق نیب لاہور کی خصوصی ٹیم نے پولیس کے ہمراہ مریم نواز کی 19 جولائی کی طلبی کا نوٹس موصول کروایا۔ خیال رہے کہ احتساب عدالت نے مریم نواز کی طلبی کے نوٹس تعمیل کے لئے نیب کو بھجوائے تھے۔
ذرائع کے مطابق سمن میں مریم نواز کو ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کے معاملے پر بلایا گیا تھا، انھیں 19 جولائی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کا معاملہ، مریم نواز کو نوٹس جاری
خیال رہے کہ نیب نے مریم نواز کیخلاف جعلی دستاویزات پر ٹرائل کیلئے درخواست دی تھی جس کے بعد احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو نوٹس جاری کیا تھا۔ نیب کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کی پیش کردہ ٹرسٹ ڈیڈ جعلی ثابت ہوئی۔
نیب کی جانب سے جعلی دستاویزات پر سزا دینے کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کی ٹرسٹ ڈیڈ جعلی ثابت ہو چکی ہے، عدالت سیکشن 30 کے تحت انھیں سزا سنائے۔
درخواست میں کہا گیا کہ مریم نواز نے کیلبیری فونٹ والی جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کی۔ جعلی دستاویزات پیش کرکے انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی۔ جعلی دستاویزات دینے پر ملزم یا گواہ کو 10 سال قید بامشقت ہو سکتی ہے۔