مریم نواز عوامی جلسے سے خطاب کیلئے منڈی بہاوالدین روانہ

Last Updated On 07 July,2019 04:01 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز نے آج ہر صورت منڈی بہاوالدین جانے کے پلان پر عملدرآمد کرتے ہوئے روانگی اختیار کر لی جہاں وہ عوامی جلسے سے خطاب کریں‌گی. اس سے پہلے ٹویٹ بھی کر دیا کہ خوف انسان کو نہ چین سے حکومت کرنے دیتا ہے نہ جینے دیتا ہے، بیچارے. لیگی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ایک سو بیس دن ملک بند رکھنے والے کو ایک جلسے سےا تنا خوف ہے.‌

سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے منڈی بہاوالدین جانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے رائیونڈ سے روانہ ہو گئیں۔ شہر میں آج ن لیگ کا جلسہ شیڈول ہے تاہم حکومت کی جانب سے جلسہ گاہ میں پولیس کی تعیناتی اور لیگی کارکنوں کی گرفتاریوں کے بعد لیگی قیادت متبادل مقام پر جلسے کا جائزہ لے رہی ہے۔

مریم نواز نے حکومت کی جانب سے جلسے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے پر سوشل میڈیا پیغامات جاری کر دیئے جس میں انھوں نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ  مانگے تانگے کی کرسی پر مرنے والے کام نہیں کر سکتے تو جھوٹی باتیں کیوں کرتے ہیں۔ انھوں نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے  ہوئے کہا کہ تم تو کہتے تھے احتجاج کیلئے کنٹینر دوں گا، اب نکلی ہوں تو ڈرتے کیوں ہو۔

اس سے پہلے اپنے دوسرے ٹویٹر پیغام میں انھوں نے کہا تھا کہ "خوف انسان کو چین سے جینے بھی نہیں دیتا"۔ انھوں نے ساتھ ہی خوف کھانے والوں کیلئے "بے چارے" کا لفظ بھی استعمال کیا۔

مریم نواز نے ٹویٹر پر لیگی کارکنان کی پکڑ دھکڑ سے متعلق دنیا نیوز کے سکرین شاٹس بھی شامل کئے۔ مریم نواز کے مطابق حکمران ن لیگ کے جلسے سے خوفزدہ ہو کر کارکنان کو گرفتار کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ " خوف انسان کو چین سے حکومت بھی نہیں کرنے دیتا"۔