اناڑی ملک چلائیں گے تو ایسا ہی ہوگا، مریم نواز کا معاشی صورتحال پر ٹویٹ

Last Updated On 27 June,2019 08:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مفادات کی خاطر بہت زیادہ قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے، جب اناڑی ملک چلائیں گے تو اس طرح ہی ہوگا

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ عالمی ایجنسی فچ نے پاکستان کی معاشی حالت کو منفی قرار دیا، ایجنسی کے مطابق آئی ایم ایف کے پاس جانے سے پہلے روپے کی قدر 142 اور بعد میں 160 ہو گئی جبکہ اس وقت ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 164 کا ہو گیا ہے۔

مریم نواز نے لکھا کہ ملک ایک ایسے شخص کو دے دیا گیا جس کو اس طرح کا کوئی تجربہ نہیں ہے، جب اناڑی ملک چلائیں گے تو اس طرح ہی ہو گا،مفادات کی خاطر بہت زیادہ قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے۔
 
اپنے والد کی صحت بارے ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے بتایا کہ نواز شریف صاحب کو بار بار انجائنا کی تکلیف ہو رہی ہے، ذاتی معالج کو ان تک رسائی نہیں دی گئی، جیسے ہی میں نے زیادہ بولنا شروع کیا ویسے ہی انتقامی کارروائیوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ اگر یہ جعلی حکومت اب بھی ان کے ڈاکٹر کو ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دیتی اور خداناخواستہ مرض بڑھتا ہے تو مسلم لیگ ن کے کروڑوں ووٹروں اور 22 کروڑ عوام کو خبر ہونی چاہیے کہ کس کا گریبان پکڑنا ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج نواز شریف سے صرف پانچ قریبی رشتہ داروں کو سخت نگرانی میں ملنے کی اجازت تھی جو کہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ اگر یہ جعلی حکومت کی طرف سے میرے اصولی موقف کا جواب ہے تو وہ سن لے کہ میں خاموش تماشائی نہیں ہوں۔