لاہور: (دنیا نیوز) نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے پنڈورا باکس کھول دیا، نوازشریف کو سزا سنانے والے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو دکھا دی، لیگی عہدیدار ناصر بٹ کی ملاقات کا دعویٰ کیا جس میں جج نے مبینہ طور پر کہا کہ نواز شریف کے خلاف پیسے کے غلط استعمال کا الزام نہیں تھا، مریم نواز نے پریس کانفرنس میں مزید شواہد بھی منظرعام پر لانے کا اشارہ دے دیا.
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نوازشریف پر الزامات لگے لیکن کوئی ثبوت سامنے نہیں آئے، جج صاحب نے فیصلے کے بعد اپنے ایک دوست (ناصر )کو بتایا کہ میں بہت پریشان ہوں کہ مجھے رات کو نیند نہیں آتی کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے ساتھ ظلم کیا۔ اس الزام کا کوئی ثبوت نہیں۔ فیصلہ دینے والے نے کہا کہ فیصلہ کیا نہیں بلکہ کرایا گیا ہے۔ آج کے بعد مجھے بھی خطرہ ہے۔
سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی بیٹی احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی خفیہ کیمرے سے بنی ویڈیو سامنے لے آئیں، ویڈیومیں جج ارشد ملک اور ناصر کے درمیان گفتگو میڈیا کو دکھائی گئی۔
میاں شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف، احسن اقبال کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نے یہ ویڈیو صحافیوں کو دے دی ہے اب آپ ہی فیصلہ کر سکتے ہیں سچ کیا ہے یا جھوٹ کیا ہے۔ میرے پاس اس سے بھی بڑے ثبوت ہیں، کوئی شرارت نہ کی جائے، میری کسی ادارے کے ساتھ کوئی لڑائی نہیں ہے اور نہ ہی ان کیساتھ لڑنا چاہتی ہوں۔ نواز شریف کے خلاف کیس میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گیا۔ میں چاہتی ہوں انہیں با عزت طور پر بری کیا جائے۔
مریم نواز نے سابق وزیراعظم میاں ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کو نا انصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف کو مصر کے محمد مرسی نہیں بننے دوں گی۔ میں اپنے والد کو دوسرا ذوالفقار علی بھٹو نہیں بننے دوں گی۔ مجھے بھی خطرہ ہے لیکن میں اپنے والد کی خاطر پاکستان کی ستر سالہ تاریخ میں جو ہوتا آ رہا ہے اسے روکوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان کی اوقات کیا ہے اور بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی آپ کا فون نہیں اٹھا رہے، نواز شریف کیخلاف فتوے لگانے والے کہاں ہیں، نواز شریف باہر آئے تو عوام کا سیلاب آئے گا۔ آپ کو لگ پتہ جائے گا کہ عوام کس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ میرے والد سب جانتے ہیں ان کے ساتھ کس نے سازش کی۔ مسلم لیگ ن کے دور میں معیشت بہت تیزی سے ترقی کر رہی تھی، سلیکٹڈ لوگوں نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ آپ کس طرح اقتدار میں آئے سب جانتے ہیں، کن لوگوں نے بساط بچھائی سب جانتے ہیں، نواز شریف کے سپاہی شہباز شریف نے ملکی ترقی کے لیے دن رات ایک کیے، ڈینگی آیا تو انہوں نے صحیح معنوں میں خادم اعلیٰ بن کے دکھایا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ جن وزیراعظم کو ظلم کی بھینٹ چڑھایا گیا ان کا مقدمہ آخر تک لڑوں گی۔ کب تک عوامی نمائندے جلا وطن ہونگے اور کب تک جھوٹے مقدمات میں تین بار وزیراعظم رہنے والے کو جیل میں ڈالیں گے۔ کرپشن پر قانون کو فیصلہ کرنے دیں کہ کون غلط ہے، من پسند فیصلوں کو قانون کا نام نہیں دیا جاتا۔ کیا انصاف یہ ہے کہ جج کی بد اعمالیوں کی سزا کوئی اور بھگتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو ٹرائل کورٹ نے سزا دی انہیں انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ سزا دینے کا پورا عمل بد نیتی پر مشتمل ہے۔ نیب کا کوئی افسر سعودی عرب میں جائیداد کی حقیقت جاننے کے لیے نہیں گیا۔ نواز شریف پر الزامات لگے لیکن کوئی ثبوت سامنے نہیں آئے۔ سب جانتے ہیں پاناما سے سفر شروع ہوا، تین دفعہ کا وزیراعظم 70 سال کی عمرمیں قید ہے اور کوٹ لکھپت جیل میں پابند سلاسل ہیں۔ ہم نے عدالت میں 40 سال پرانے ثبوت دیئے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ ٹھوس اور ناقابل تردید ثبوت ہیں، میرے والد سرخرو ہونگے۔ سب جانتے ہیں یہ احتساب نہیں انتقام ہے۔ منی لانڈرنگ کے بھی شرمناک الزامات لگے جن میں کوئی حقیقت نہیں۔ اس ویڈیو کے بعد سب کو پتہ چل گیا ہو گا کہ منی لانڈرنگ کے الزام میں کتنی حقیقت ہے۔
مریم نواز کا چیئر مین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ویڈیو کے حوالے سے تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ اللہ اور اس کے بندے کے درمیان ہے میں اس پر کوئی رائے نہیں دینا چاہتی عوام بہتر جانتی ہے سچ کیا ہے اور جھوٹ کیا ہے۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امید ہے مقتدر ادارے اور عدالت عظمیٰ میاں نواز شریف کو انصاف دیں گے۔ تین بارکے وزیراعظم کوجیل میں ڈال رکھا ہے۔ نوازشریف صیح معنوں میں سی پیک کے موجد ہیں۔ سابق وزیراعظم نے پاکستان کوایٹمی قوت بنایا۔ انہیں ٹرائل کورٹ نے سزا دی۔ سزا کے حوالے سے بدترین ناانصافی ہوئی۔