منڈی بہاؤالدین: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے نئی شہادتوں کے بعد نواز شریف کو جیل میں نہیں رکھا جا سکتا، ووٹ کو عزت دو کے نعرے سے سابق وزیراعظم کی عزت بڑھی،مہنگائی پر عمران خان استعفیٰ دیں اور گھر جائیں، یہ نالائق اعظم پتلی گلی سے نہ نکلے، عوام اسے بھاگنے نہ دیں۔
اتوار کو رات گئے منڈی بہائوالدین میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے، آج نواز شریف 22 کروڑ عوام کی عدالت میں سرخرو ہوگئے، یہ جانتے ہوئے کہ یہ احتساب نہیں انتقام ہے کے باوجود سابق وزیر اعظم قانون کے آگے سر جھکا کر جیل چلے گئے، وہ بہادر انسان ہیں۔ نواز شریف بے قصور تھا، انصاف دینے والا جج بول اٹھا، جج کی ویڈیو دیکھی تھی، وہ کہتا ہے بلیک میل کر کے خود کشی پر مجبور کیا اور فیصلہ خلاف دینے کیلئے مجبور کیا گیا۔
انہوں نے کہا سابق وزیر اعظم کو آپ کی آواز اٹھانے کی سزا ملی، ووٹ کو عزت دینے کی سزا ملی۔ نواز شریف چھوٹے گا انشااللہ، وزیراعظم بنے گا اور پہلے سے زیادہ طاقتور وزیراعظم بنے گا۔ نواز شریف کو چاروں طرف سے دشمنوں نے گھیرا ہوا ہے، سابق وزیر اعظم کو ووٹ دینے والوں کا سر آج فخر سے بلند ہے۔
مریم نواز نے کہا عمران خان جلسے کی اجازت نہیں دیتا، جلسے کی اجازت نہ دینے والے دیکھ لیں کہ لاہورسے منڈی بہاؤالدین تک ہرجگہ جلسہ ہوا۔ لاہور سے منڈی بہاؤالدین کا سفر ڈھائی گھنٹے کا ہے میں دس گھنٹے میں پہنچی ، میں 7 تاریخ کو لاہور سے نکلی اور آج 8 تاریخ ہوگئی ہے، مہنگائی بڑھی، بجلی، آٹا، دال اور سبزی مہنگی ہوگئی، گو سلیکٹڈ گو کے نعرے لگاؤ، قومی اسمبلی میں سلیکٹڈ پر پابندی لگائی، کیا عوام پر پابندی لگا سکتا ہے۔