لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ بیگم صفدر کی پریس کانفرنس کا 24 گھنٹے گزرنے سے پہلے ہی ڈراپ سین ہو گیا۔
ڈاکٹر شہباز گل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افسوس کہ لیگی رہنما اپنے پرانے وطیروں سے باز نہیں آئے۔ احتساب عدالت کے جج کے انکار کے بعد انہیں شرم سے ڈوب مرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی سیاست جھوٹ جھوٹ اور جھوٹ پر ہی مرکوز ہے۔ لیگی قیادت نے کل دو گھنٹے قوم کو یرغمال بنائے رکھا۔ مریم کی جذباتی تقریر اور ڈرامے کا شو فلاپ ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ججوں پر دباؤ ڈالنا اور اثر ورسوخ استعمال کرنا ان کا پرانا وطیرہ رہا ہے۔ قوم نے دیکھ لیا اپنے مفاد کے لیے کس طرح یہ لوگ قومی اداروں پر کچڑا اچھالتے ہیں۔
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز شہباز شریف، شاہد خاقان اور دیگر سیاستدانوں کو اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔ مریم صفدر کو سیاست کی ساکھ کو خراب کرنے پر سیاست سے دستبردار ہو جانا چاہیے۔ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ مریم کی فہم وفراست ن لیگ کی سیاست کو دفنا دے گی۔