اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب نے ایل این جی کیس میں مفتاح اسماعیل کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ چیئرمین نیب نے سابق وزیر خزانہ کے وارنٹ جاری کر دیئے۔ سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق کو بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نیب افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد مفتاح اسماعیل کے گھر میں داخل ہو چکی ہے، ذرائع کے مطابق مفتاح اسماعیل گھر کے اندر ہی موجود ہیں۔
نیب ٹیم خواتین اہلکاروں کے ہمراہ مفتاح اسماعیل کی گرفتاری کیلئے ان کی رہائشگاہ پہنچی تو ملازمین نے دروازہ کھولنے سے انکار کر دیا۔ مفتاح اسماعیل کے سیکیورٹی سپروائزر نے نیب ٹیم کو روک دیا اور کہا کہ مشاورت کے بغیر دروازہ نہیں کھول سکتا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل قومی احتساب بیورو نے پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کیا تھا۔ نیب راولپنڈی اور لاہور نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شاہد خاقان کو ٹھوکر نیاز بیگ ٹول پلازہ کے قریب سے حراست میں لیا۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان، شہباز شریف کیساتھ پریس کانفرنس کیلئے لاہور آ رہے تھے۔
نیب کے مطابق شاہد خاقان عباسی کے وارنٹ گرفتاری گزشتہ روز جاری ہوئے، شاہد خاقان کا احتساب عدالت سے راہداری ریمانڈ لیا جائے گا، انہیں راہداری ریمانڈ کے بعد اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔ نیب حکام نے شاہد خاقان عباسی کو 4 بار طلب کیا تھا۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف ایل این جی کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔