اسلام آباد: (دنیا نیوز) خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو کرپشن کی آڑ میں ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، جھوٹے مقدمے حکومت کی شناخت بن گئے، نواز شریف پھر آئے گا، نام مٹانے کی کوشش کرنے والے ختم ہو جائیں گے۔
رہنما مسلم لیگ نون خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا رانا ثنا اللہ کیخلاف مقدمہ مضحکہ خیز ہے، سیاسی انتقام برے شگون ہوتے ہیں، نواز شریف پر کرپشن کو کوئی الزام نہیں پھر بھی قید ہیں، ہم این آر او نہیں مانگتے، آخر تک جنگ لڑیں گے، اس جنگ میں نقصان آئین اور عوام کا ہوگا، ہم نے مشرف کی بھی قید کاٹی ہے، اٹک قلعہ میں ہتھکڑیوں کے ساتھ قید کاٹی، نواز شریف کا نام مٹانے والے لوگ ختم ہو جائیں گے، نواز شریف بار بار عوام کے ووٹوں سے آئے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا ہماری بدقسمتی ہے تاریخ سے سبق نہیں سیکھتے، انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں، اسمبلی کے ملازمین سے پوچھیں ان کے شب و روز کیسے گزرتے ہیں، اسمبلی ملازمین سے پوچھیں جھولیاں اٹھا کر کس کو بد دعائیں دیتے ہیں، معاشی بحران سے توجہ ہٹانے کیلئے شہباز شریف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، ایک سال میں 3 بجٹ پیش کیے گئے، اپوزیشن کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، ملک میں مہنگائی بڑھ رہی ہے، کسی نے مہنگائی پر بات نہیں کی، بجٹ پیش کرنے والے کو فوری نوازا گیا، ہوسکتا ہے مہنگائی کے علاوہ ملک میں کوئی اور ایشو نہ رہے، ملک میں انڈرٹیکر آکر بیٹھ گئے، سب کو یہ عذاب جھیلنا پڑے گا۔