اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے سوا چار ماہ بعد بھارت کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مشرقی فضائی حدود تمام کمرشل پروازوں کیلئے کھولتے ہوئے بھارت کیلئے اوور فلائی کی بندش ختم کرنے کا نوٹم جاری کر دیا۔
اوور فلائی کی بندش ختم ہونے کے بعد بھارتی مسافر طیارے اب پاکستان کی فضائی حدود سے گزرسکیں گے۔ دیگرممالک کی ائیر لائنز بھی پاکستانی فضائی حدود استعمال کر سکیں گی۔ لاہور سے دہلی، بنکاک، کوالالمپور، سری لنکا اور ارمچی کی پروازیں بھی بحال ہو جائیں گی۔
پاکستان نے رواں سال 27 فروری کو بھارتی جنگی جہاز مار گرانے کے بعد بھارت کے ممکنہ حملے کے خطرے کے پیش نظر مشرقی فضائی حدود کمرشل پروازوں کیلئے بند کر دی تھیں۔ سیکرٹری ایوی ایشن شاہ رخ نصرت کے مطابق بھارت نے اوورفلائی پابندی اٹھانے کیلئے رابطہ کیا تھا، تاہم پاکستان نے جواب دیا کہ فضائی حدود تبھی کھولی جائیں گی جب بھارت سرحد کے قریب ایئربیسز سے جنگی جہاز ہٹائے گا۔