لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں، نیب کا ادارہ عمران نیازی کا آلہ کار بنا ہوا ہے۔
صدر پاکستان مسلم لیگ ن و اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا نیب کے ادارے کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کئے جا سکتے۔
یاد رے قومی احتساب بیورو نے پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ٹول پلازے کے قریب سے گرفتار کیا۔ نیب راولپنڈی اور لاہور نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شاہد خاقان کو ٹھوکر نیاز بیگ ٹول پلازہ کے قریب سے حراست میں لیا۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان، شہباز شریف کیساتھ پریس کانفرنس کیلئے لاہور آ رہے تھے۔
نیب کے مطابق شاہد خاقان عباسی کے وارنٹ گرفتاری گزشتہ روز جاری ہوئے، شاہد خاقان کا احتساب عدالت سے راہداری ریمانڈ لیا جائے گا، انہیں راہداری ریمانڈ کے بعد اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔ نیب حکام نے شاہد خاقان عباسی کو 4 بار طلب کیا تھا۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف ایل این جی کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔