اسلام آباد (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے ایک بار پھر الزام عائد کیا ہے کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل میں شہباز شریف کے خلاف خبر لگوانا وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کا کارنامہ ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ذاتی عناد میں اس حد تک نہیں جانا چاہیے، جس فنڈ کا الزام لگایا جا رہا ہے اس کا شہباز شریف سے کوئی تعلق نہیں، وزیراعظم عمران خان اور مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کے پاس ثبوت ہیں تو نیب کو دیں۔ نوید اکرام پنجاب پاور کمپنی میں تھے ان کو شہبازشریف نے کرپشن پرنکالا تھا۔ ان سے 40 کروڑکی ریکوری ہوئی تھی
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ امداد دینے والے برطانوی ادارے کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے، شہباز شریف نے ہتک عزت کا دعویٰ کیا، وزیراعظم عمران خان کا وکیل پیش نہ ہوا۔
شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ شہبازشریف برطانوی عدالت میں ہتک عزت کادعوی دائر کر رہے ہیں۔ شہزاد اکبر بتائیں بیرون ملک دوروں پر کتنے پیسے خرچ کیے۔
پریس کانفرنس کے دوران ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران نے مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر 10 ارب روپے کی پیشکش کا الزام لگایا تھا وہ بھی صرف الزام ہی نکلا۔
مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ ایرا کے فنڈز سے پنجاب حکومت کا کوئی تعلق نہیں تھا، عجیب تماشا، عجیب جھوٹ ہے، اگرایرا کیخلاف کیس بنانے ہیں تو پرویز مشرف کیخلاف بھی بنایا جائے۔